بھونیشور، 6 ؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مشہور سماج وادی لیڈر اور سابق لوک سبھا اسپیکر روی رائے کا آج کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اسپتا ل میں عمر سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے انتقال ہو گیا، وہ 90سال کے تھے۔رائے کے پسماندگان میں ان کی بیوی سرسوتی سوین ہیں، ان کو کوئی اولاد نہیں ہے۔رائے کے قریبی ساتھی چترنجن موہنتی نے کہا کہ انہیں کچھ دن پہلے اسپتا ل میں عمر سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے داخل کرایا گیا تھا۔ان کی پیدائش اڑیسہ کے خردا ضلع کے بھانراگڑھ گاؤں میں 26؍نومبر 1926کو ہوئی تھی ، وہ مرارجی دیسائی کی حکومت میں جنوری 1979سے جنوری 1980کے درمیان صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر تھے۔رائے 1989-91تک نویں لوک سبھا کے صدربھی رہ چکے تھے، وہ کامن ویلتھ اسپیکرس فورم کے بھی صدر تھے۔موہنتی نے کہا کہ رائے کے جسد خاکی کو کٹک کی ریونشا یونیورسٹی اور ایم ایس لاء کالج لے جایا جائے گا جہاں وہ اسٹوڈنٹ یونین کے صدر تھے، ان کے جسد خاکی کو بھونیشور میں لوگوں کے آخری دیدار کے لیے لوہیا بھو ن میں رکھا جائے گا۔وزیر اعلی نوین پٹنائک نے رائے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مشہور سماج وادی لیڈر بتایاہے ۔